اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک لبیک یارسول اللہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے فوری استعفیٰ کے مطالبہ سے دستبردار ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک لبیک یا رسول اللہ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے فوری استعفیٰ کے مطالبہ سے دستبردار ہو گئی ہے۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے دھرنا ختم کرانے کیلئے تحریک لبیک کے رہنماؤں سے مذاکرات کے بعد سفارشات حکومت کو بھجوادی ہیں۔ زاہد حامد کے استعفیٰ کو مرکزی مطالبہ قرار دینے والی تحریک لبیک نے اس نئی پیش رفت پر اپنا موقف دیتےہوئے کہا ہے کہ ہم زاہد حامد کو مرکزی ملزم نہیں مانتے، تاہم ختم نبوت ترمیم کی تحقیقات کرنے والی راجہ ظفرالحق رپورٹ منظرعام پر آنے تک وزیر قانون اپنا کام روک دیں تو ہم دھرنا ختم کردیں گے۔وزارت مذہبی امور نے پیر حسین الدین شاہ کی کمیٹی کی رپورٹ وزیرداخلہ کو ارسال کردی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے جید علماء پر مشتمل یہ مذاکراتی کمیٹی گزشتہ روز تشکیل دی تھی جس میں پیر حسین الدین ،ڈاکٹر ساجد الرحمن ، پیر ضیاء الحق شاہ، مولاناعبدالستارسعیدی اور پیرنظام الدین جامی شامل ہیں۔
1,844 total views, no views today



