مٹہ(سوات نیوزڈاٹ کام)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کے لئے ضروری سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ پوری دلجمعی کے ساتھ معاشرے سے ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ وکلاء برداری کا کردار مثبت اور مسلمہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں مٹہ سوات بار روم میں وکلاء برادری کے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے مٹہ بار ایسویسی کے صدر محمد حلیم خان ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اسمبلی سے قانون کی بالادستی کے لئے تقریباً سو سے زیادہ قوانین پاس کئے تاکہ معاشرے سے ظلم اور ناانصافی کا جڑ سے خاتمہ ہو اور انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے اور غریب عوام کو افوائد مل سکیں ۔ محمود خان نے مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما کے بیان پر حیرت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک بین الاقوامی لیڈ ر ہے اور اس کی خلاف باتیں کرنے والے اپنے آقاؤں کی کرپشن زدہ داستانوں سے عوام کو آگاہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے ملک کو کتنا مقروض کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے کرپٹ عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا اوران کے مذموم عزائم اور سیاہ کاریوں سے عوام کو آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو پہلی بار خیبرپختونخوا میں حکومت ملی ہے اورآج خیبرپختونخوا ایک پرامن صوبہ ہے جس کے عوام سکھ اور آرام محسوس کرنے لگے ہیں ۔اس موقع پر محمود خان نے مٹہ بار اایسویشن کے صدر محمد حلیم ایڈوکیٹ کو 20لاکھ روپے کا چیک بھی دیا ۔
1,244 total views, no views today



