اسلام آباد: ۔جسٹس ناصرالمک کو سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کر لیا گیا ہے، جسٹس ناصرالملک کی تقرری کی منظوری صدر ممنون حسین نے دی اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی 5 جولائی کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہورہے ہیں جس کے بعد 6 جولائی کو جسٹس ناصر الملک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے اور 16 اگست 2015 تک اس منصب پر فائز رہیں گے۔
جسٹس ناصر الملک 17 اگست 1950 کو سوات میں پیدا ہوئے، 1977 میں انر ٹیمپل لندن سے بارایٹ لا کرنے کے بعد پشاور سے وکالت کا آغاز کیا، 1981 میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جب کہ 1991 اور 1993 میں صدر منتخب ہوئے، اسی سال انھیں صوبہ سرحد موجودہ خیبر پختون خوا کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا۔
جسٹس ناصرالملک کو 4 جون 1994 کو پشاور ہائیکورٹ کے جج اور مئی 2004 کو ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بنے، 5 اپریل 2005 کو انھیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ جسٹس ناصرالملک نے نہ صرف 3 نومبر 2007 کے بعد پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سےانکار کیا بلکہ وہ 3 نومبر کی ایمرجنسی کے خلاف حکم امتناعی جاری نہ کرنے والے 7 رکنی بنچ میں بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ جسٹس ناصر الملک قائم مقام چیف الیکشن کمشنز بھی رہ چکے ہیں۔
568 total views, no views today


