کبل(سوات نیوز ڈاٹ کام ) تحصیل کبل توتانوبانڈئی میں 3سو روپے ماہانہ تنخواہ پر بھرتی ملازم کے28سالہ خدمات پی ٹی آئی دور حکومت میں فراموش،نوکری سے فارغ شدہ غریب شخص کے گھر میں فاقوں نے ڈھیرے ڈال دئے،بیٹے کو ملازمت کا وعدہ بھی بااثر شخص ہڑپ گیا،بچوں کے پیٹ پر لات مارنے والے کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ،وزیر اعلی،ایم پی اے ڈاکٹر امجد اور ڈی سی سوات نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں ان خیالات کا اظہار تحصیل کبل گاؤں توتانوبانڈئی کے رہائشی خان شیرین نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ 28سال قبل یونین کونسل توتانوبانڈئی کے سکریٹری آفس میں تین سو روپے ماہانہ پر نائب قاصد بھرتی ہوا اور دن رات انتہائی ایمانداری کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے کر ہر خاص و عام کی خدمت کی چند ماہ قبل ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے بیٹے کو نائب قاصد کی نوکری کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ہمارے غربت اور بے بسی کا فائدہ اٹھا کر ضلعی کونسلر حمید خان نے ہمیں آخری وقت تک اندھیرے میں رکھتے ہوئے مذکورہ پوسٹ پر بااثر شخص کو تعینات کیا جو کہ سراسر ظلم اور ناانصافی پر مبنی ہے کیونکہ مذکورہ پوسٹ کے لئے میرا بیٹا سب سے زیادہ مستحق ہے جس کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاؤنگاانہوں نے مزید کہاکہ ہم پرائے گھر میں بطور فقیر غربت کے لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور انتہائی غریب لوگ ہیں جبکہ نوکری ختم ہونے کے بعد گھر میں فاقوں نے ڈھیرے ڈال کر بچے دو وقت کی روٹی سے محروم ہوچکے ہیں انہوں نے وزیر اعلی پرویز خٹک،ایم پی اے ڈاکٹر امجد علی سمیت ڈی سی سوات سے انصاف اور بیٹے کو ویلج کونسل توتانوبانڈئی میں نائب قاصد کی نوکری دلانے کی عاجزانہ اپیل کردی ہے۔
978 total views, no views today



