لاہور: پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔لاہور میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے بوندا باندی کا شروع ہونے والا سلسلہ موسلا دھار بارش کی صورت اختیار کرگیا تھا جس سے بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ کھلاڑی آج گراؤنڈ میں نہیں اترپائیں گے اور پشاور زلمی اچھے رن ریٹ کے باعث کل کراچی کنگز سے ایلی مینیٹر میچ کھیلے گی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی لیکن بارش کے رک جانے کے باعث میچ مقررہ وقت پر شروع ہوگیا جب کہ شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود ہے۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم جیت کی صلاحیت رکھتی ہے، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کا متبادل نہیں لیکن آنے والے بھی مایوس نہیں کریں گے جب کہ میچ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
پشاور زلمی کے لیے گزشتہ برس قذافی اسٹیڈیم لکی رہا تھا ڈیرن سیمی نے فائنل بھی جیتا اور دل بھی، زلمی کے کھلاڑی محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے ان کی ٹیم پر پریشر ہوگا۔
1,777 total views, 2 views today