بریکوٹ( ریاض احمدسے) ماہر تعلیم،سابق اے ڈی او ایجوکیشن اور ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول گوگدرہ پروانت خان ساٹھ سالہ مدت سروس پوری ہونے پرملازمت سے ریٹائرڈ ہوگئے ۔گورنمنٹ ہائی سکول گوگدرہ کے جملہ اساتذہ کرام نے ان کی شاندار تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔جس میں ضلع سوات کے محکمہ تعلیم کے بالا آفسران بشمول ڈپٹی ڈی او محمد آمین ،پرنسپل حضرت رحما ن،پرنسپل محمد کرم ،پرنسپل محمد جاوید ، پرنسپل خورشید علی خان ، پرنسپل محمد اسماعیل ، پرنسپل دلاور خان کے علاوہ سکول کے اساتذہ ،طلباء اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے مقررین نے کہاکہ تعلیم ایک مقدس پیشہ ہے جس سے منسلک تمام افراد معاشرے کی ترقی اور نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ درس وتدریس پیشہ پیغبری ہے اور اس سے وابستہ افراد بجا طور پر معمار ان قوم کہلاتے ہیں ۔اس حوالے سے ماہر تعلیم اور سکول ہذا کے پرنسپل پروانت خان کی تعلیمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔انہوں نے ہر سطح پر تعلیم اور طلباء کی ترقی میں نمایاں اور مثبت کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے ہمیشہ اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور دیانت داری سے ادا کئے ۔اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک مخلص اور قابل اعتماد ساتھی کے حیثیت سے بھی ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔تقریب کے آخر میں ریٹائرڈ پرنسپل پروانت خان نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاوہ آج ساٹھ سالہ ملازمت کی تکمیل کے بعد ریٹائرڈ ہورہے ہیں ۔انہوں نے درس وتدریس جیسے عظیم پیشے سے اپنی وابستگی کو خوش قسمتی قرار دیا اور اللہ تعالیٰ سے تعلیم اور طلباء کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی
1,943 total views, 2 views today