سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)سوات میں موجود خصوصی افراد نے حکومت سے اپنے مطالبات تسلیم کرانے کی اپیل کردی ،سوات فیڈریشن آف ڈیف کے صدر یوسف علی شاہ ،جنرل سیکرٹری محمد حسین اور دیگرنے سوات پریس کلب میں اپنے ترجمان کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ خصوصی افراد کا سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ پانچ سے بڑھا کر دس فیصد کیاجائے اور خصوصی افراد کے کوٹے پر صحت مند افراد کی بھرتی کا سلسلہ بندکیا جائے ،انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کو عمر کی حد میں پندرہ سال کی رعایت دی جائے ، گونگے بہرے بچوں کے اساتذہ کو اشاروں کی زبان اور سپیچ تھراپی کیلئے تربیتی ادارہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ضلع سوات میں خصوصی بچوں کے تمام سکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے اور تمام بے روزگار خصوصی افراد کو 15ہزار روپے بے روزگار الاؤنس دیا جائے ،انہوں نے مزید کہاکہ ملک کے دیگرصوبوں میں سپیشل افرادکو ان کا حق مل رہاہے مگر خیبرپختونخوا اورخصوصاََسوات میں یہ افراد اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں جو ایک قابل افسوس امر ہے،انہوں نے کہاکہ ہمیں مختلف سرکاری محکموں میں ملازمتیں دی جائیں تو ہم وہاں پر اورخصوصاسکولوں میں سپیشل بچوں اوردیگر بچوں کی بھی تربیت کریں گے ،انہوں نے کہاکہ ہم نے کئی بار متعلقہ حکام سے اپنے مسائل حل کرنے اور جائز مطالبات تسلیم کرانے کی اپیل کی ہے مگر تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،انہوں نے کہاکہ اگر حکومت اور سوشل ویلفیئرنے خصوصی افراد کے مسائل حل نہیں کئے تو وہ احتجاج پر مجبورہوجائیں گے۔
1,180 total views, 2 views today