سوات(سوات نیوزڈاٹ کام) یونیورسٹی آف سوات کے سینیٹ کا تیسرا اجلاس گذشتہ روز گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا کے زیر صدارت گورنر ہاؤ س پشاور میں منعقد ہوا۔ گورنر خیبر پختونخواہ نے بطور چانسلر یونیورسٹی آف سوات اجلاس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات پروفیسر محمد جمال خان نے گورنر کو یونیورسٹی کی اب تک کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ بعد میں یونیورسٹی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بحث ہوئی ۔
اجلاس میں یونیورسٹی آف سوات کے سال 2017-18 کیلئے460 ملین روپے کے ریوائزڈ اسٹیمیٹس اور سال 2018-19 کیلئے بجٹ کے تخمینہ 658 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی آف سوات کے سال 2025 تک کے سٹریٹیجک پلین اور اینول رپورٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
گورنر خیبر پختونخواہ اور اجلاس کے دیگر شرکاء نے یونیورسٹی انتظامیہ کی اب تک کی کاوشوں کو سراہا اور مختلف امور پر مفید مشورے دئیے گئے۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے نہایت کٹھن حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کو موجودہ مقام تک پہنچایا ہے اور یونیورسٹی کی کارکردگی مزید بہتربنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ گورنر خیبر پختونخواہ اور اجلاس کے تمام شرکاء نے یونیورسٹی انتظامیہ کو تمام امور میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور یونیورسٹی کیلئے نیک خواہشات کے اظہار کیساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔
1,278 total views, 2 views today