خانیوال: ایلیٹ فورس کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ خانیوال کے نواحی علاقے چوڑاسی پل پر ایلیٹ فورس کی 2 گاڑیاں پروٹوکول کے لئے موجود تھیں کہ اسی دوران 2 موٹر سائیکل سوار افراد وہاں آئے اور ان میں سے ایک خودکش جیکٹ پہنے حملہ آور نے خود کو فورس کی گاڑیوں سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑالیا
جس کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد حملہ آور کے ساتھی نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم وہ اس میں ناکام رہا اور وہاں موجود لوگوں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ زخمی اہلکاروں کو ضلعی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ڈی پی او خانیوال کا کہنا ہے کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار اور حملہ آوروں میں مقابلہ ہوا جس دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ عینی شاہدین کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار دہشت گردوں کی اطلاع پر پہلے سے وہاں موجود تھے۔
455 total views, 1 views today