اسلام آباد\ریاض\بیجنگ(آن لائن)وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر اطلاعات عوادبن صالح العود اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ملاقات کی ‘جس میں باہمی دلچسپی کے امور چین ‘پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)منصوبے پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اتوار کو وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر اطلاعات عواد بن صالح العواد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔جس میں پاک سعودیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا‘اس موقع پر سعودی وزیر نے ولی عہد کی جانب سے عمران خان کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکبادی پیغام پہنچایا ۔ملاقات میں وزیر خارہشاہ محمود قریشی ،وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شریک تھے۔سعودی وزیر اطلاعات سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں،پاکستان اور سعودیہ عرب مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں‘سعودیہ عرب کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔واضح رہے کہ سعودی وزیر اطلاعات عود صالح العود اور دیگر پر مشتمل وفد 7 ستمبر کو پاکستان پہنچا تھا۔بعدازاں وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی اور پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک)کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چینی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی ،جسکو انہوں نے قبول کر لیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری،چین پاکستان کا بہت بااعتماد دوست ہے،وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا،سی پیک سے دونوں ممالک میں روزگار کے متعدد مواقع پیدا ہوں گے۔
1,218 total views, no views today



