لاہور: سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مخلتف علاوقوں میں شدید بارشوں کے باعث مخلتف حادثات کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 18 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔گزشتہ شام سے شروع ہونے والی شدید بارش کے
باعث چاہ میراں میں 2 منزلہ مکان کی چھت گرنے سے 2 خواتین اور ایک بچی سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو خواجہ کوٹ سعید اسپتال منتقل کیا۔ لاہور ہی کے علاقے مزنگ میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب گئے جب کہ جوہر ٹاؤن میں ایل ڈے اے پلازہ کے قریب مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد ملبے تلے دب گئے جنھیں ریسکیو 1122 کے عملے سے نکال لیا۔ لاہور کے علاقے سبزازار میں دکان کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، گارڈن ٹاؤن اور عثمانیہ کالونی میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ شدید بارش کے باعث گلبرگ، سمن آباد، گلشن راوی، لکشمی چوک سمیت درجنوں علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ شدید بارش کے باعث بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک لاہور میں 155 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
سیالکوٹ میں بھی شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ سیوریج کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ سیالکوٹ کے علاقوں گرین ٹاؤن اور گودھ پور میں چھتیں گرنے سے 4 افراد افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔ کامونکی میں بھی کسوکی روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 5 سالہ بچی سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ ڈسکہ میں کرنٹ لگنے سے 16 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی۔ نارووال کے علاقے چندووال میں بھی مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق جب کہ والدین زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ 2 سے 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جس کی وجہ سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں سیلاب جب کہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے شدید بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والوں کے لئے 5،5 لاکھ روپے جب کہ شدید زخمیوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
376 total views, 1 views today