اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کے لیے پیسے اومنی گروپ کو نہیں دے سکتے، مراد علی شاہ کو پیسے دے دیں تو لندن اور دبئی سے برآمد ہوتے ہیں۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس میں 172 ناموں کو ای سی ایل میں ڈالے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ناموں کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ای سی ایل نظرثانی کمیٹی کے حوالے کر دیا جائے، یہ کمیٹی وزیر داخلہ کے تحت کام کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ای سی ایل میں ڈالے گئے لوگوں کے نام ای سی ایل کمیٹی کو بھیجے گئے ہیں، اب کمیٹی کی سفارشات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ نیب یا ایف آئی اے کی جانب سے سفارش آنے پر نام ای سی ایل میں ڈالے جاتے ہیں، نام ای سی ایل میں اس لیے ڈالے گئے کہ ماضی میں بھی لوگ ملک سے فرار ہوتے رہے، اسحاق ڈار نام ای سی ایل میں نہ ہونے کے باعث ملک سے فرار ہوئے، ماضی میں تحقیقات میں معاون ثابت ہونے والے لوگوں کو جہازوں میں فرار کروایا گیا۔
934 total views, 2 views today