سوات (سوات نیوز ڈاٹ کام ) پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر یونیورسٹی آف سوات کے پہلے ڈین تعینات کر دیئے گئے۔ اُن کو ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز تعینات کیا گیا ہے۔اُن کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن گذشتہ روز گورنر خیبر پختونخواہ کی منظوری کے بعد ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے جاری کیا۔ اس سے پہلے وہ یونیورسٹی آف سوات کے پہلے پروفیسر بنے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر تقریباً 20 سال سے شعبہ تدریس سے وابستہ ہے۔وہ سال 2011 میں یونیورسٹی آف سوات سے منسلک ہوئے۔ اُنھوں نے اس سے پہلے گورنمنٹ جہانزیب کالج سوات اور بعد میں کنگ سعود یونیورسٹی سعودی عرب میں بھی تدریس کے شعبہ میں خدمات انجام دیں ہیں۔ ٹیچنگ کے شعبے میں اُن کو متعدد اعزازات سے بھی نوازہ گیا ہے۔ سال 2005میں اُن کو بیسٹ باٹنسٹ ایوارڈ دیا گیا جبکہ سارک کی طرف سے بھی اُن کو باٹنی کے فیلڈ میں خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے گولڈ میڈل سے نوازہ گیا۔ یونیورسٹی آف سوات میں بھی پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر کی خدمات نمایاں ہیں۔ اُنھوں نے یونیورسٹی کے تدریسی شعبے اور ریسرچ کو پروان چڑھانے کی خاطریونیورسٹی آف سوات میں دو بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد کیا جبکہ اس کے علاوہ کئی دوسرے سیمینار ز اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا ہے۔اس کے علاوہ وہ دو مرتبہ یونیورسٹی آف سوات کے رجسٹرار رہ چکے ہیں جبکہ تقریباً چھ ماہ تک وہ یونیورسٹی آف سوات کے ایکٹنگ وائس چانسلر بھی رہے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حسن شیر نے اپنے اساتذہ کرام، افسران اور تدریسی شعبہ کے ساتھیوں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُنھوں نے پہلے بھی یونیورسٹی میں درس و تدریس اور ریسرچ کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کی ہے اور بطور ڈین وہ ان شعبہ جات کو ترقی کیلئے آئندہ بھی اپنی کوششیں جاری رکھے گے۔