سوات(سوات نیوز) تحصیل بریکوٹ سوات میں عطائیوں کے خلاف خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم کا آپریشن کلین اپ، دوغیر مجازصحت مراکز سیل، پانچ غیر رجسٹرڈ صحت خدمات فراہمی کے اداروں کو رجسٹریشن و تجدید رجسٹریشن کیلئے نوٹس جاری۔ علاقے میں سرگرم عمل درجنوں عطائی ٹیم آمد کی اطلاع پر اپنے نام نہاد صحت مراکز کو تالے لگاکر نودو گیارہ ہوگئے تفصیلات کے مطابق تحصیل بریکوٹ کے گورتئی اور ملحقہ علاقوں میں عطائیت کا مکروہ دھندہ کرنے والے عطائیوں کے خلاف موصول ہونے والی عوامی شکایات کی روشنی میں خیبر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے انسپکٹر افضل عابد و دیگر عملے پر مشتمل ٹیم نے سنیئر انسپکٹر سعید الرحمان کی قیادت میں گورتئی اور ملحقہ علاقوں میں موجود نجی صحت مراکز کا اچانک معاینہ کیا، معائینے کے دوران غیر متعلقہ و نان کوالیفائیڈ افراد شیر محمد خان، علیم خان کو مریضوں کو انجکشن لگانے انہیں مختلف بیماریوں کا علاج تجویز کرنے کے عمل میں مصروف پایا گیا جس پر پختونخواء ہیلتھ کیئر کمیشن کے ٹیم نے فوری کاروائی کرتے ہوئے شیر محمد خان ہیلتھ کلینک اورعلیم خان ہیلتھ کلینک کو بند کرکے سر بمہر کر دیا ہے۔معائینے کے دوران علی میڈیکل لیبارٹری، طاہر کلینک و میٹرنٹی ہوم، ارمان میٹرنٹی ہوم، شازیہ پروین کلینک، رشید کلینک کورجسٹریشن و تجدید رجسٹریشن کیلئے نوٹس جاری کئے گئے۔ ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیم آمد کی اطلاع ملتے ہی متعدد عطائی اپنی دکانیں بند کرکے رفو چکر ہوگئے۔ عوامی حلقوں نے عطائیوں کے خلاف جاری آپریشن کو سہراتے ہوئے اس میں مذید تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے
1,152 total views, 2 views today