مینگورہ(سوات نیوز)ضلع سوات میں منشیات کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا، اس سلسلے میں سیدوگروپ آف ٹیچنگ ہسپتال اور میڈیکل کالج زیر اہتمام واک ہوا جس کی قیادت ایم ایس ڈاکٹر گلشن حسین کررہے تھے جس میں ڈاکٹروں،طلبہ،پولیس،سماجی کارکنوں،اساتذہ اوردیگر لوگوں نے کثیرتعدادمیں شرکت کی،بینرزاورپلے کارڈ اٹھائے شرکاء واک کی شکل میں سیدوشریف سے سوات پریس کلب کے سامنے پہنچ گئے جہاں پرشرکاء نے منشیات کیخلاف شعوراجاگر کرنے او رنئی نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کے حوالے سے خطاب کیا
اوراس سلسلے میں عوام سے کرداراداکرنے کی اپیل کی،دریں اثناء سوات پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کی جس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر گلشن حسین،ڈاکٹر اسرارالحق،ڈاکٹر محمد رحمان،سوشل میڈیکل آفیسر راحیل شاہ اور دیگر نے کہاکہ نشے کے عادی افرادکا علاج ممکن ہے معاشرہ میں موجود ایسے افراد کو ہسپتالوں میں موجود مخصوص وارڈزمیں پہنچایا جائے تو ان کا علاج ہوسکتا ہے،ہسپتالوں میں منشیات کے عادی افراد کا مکمل علاج کیا جاتاہے تاہم علاج کے بعد ان افراد کی نگرانی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ دوبارہ اس لعنت میں مبتلا ہونے سے محفوظ رہ سکے،انہوں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں کی نگرانی کریں ان کی تبدیلیاں،رویہ اور عادات پر نظر رکھیں،اس کے علاہ معاشرہ میں منشیات کی روک تھام اور عوام میں اس حوالے سے شعوراجاگر کرنے میں والدین،علماء،ڈاکٹر،اساتذہ او ر سماجی حلقے اہم اور موثر کرداراداکرسکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ پہلے ہمیں وہ وجوہات معلوم کرنا ہوں گے جس کے سبب نوجوان یا بچے نشے کی طرف راغب ہوتے ہیں اس کے بعد ان وجوہات کے خاتمے اور نشے کے عادی افراد کے علاج کے بعد ان کیلئے ماحو ل کوتبدیل کرنا ہوگاتاکہ وہ پھر اس طرف نہ جاسکیں،انہوں نے کہاکہ سکولوں اورکالجوں کے آس پاس موجود دکانوں میں سگریٹ کی فروخت پر مکمل پابندی لگائی جائے کیونکہ سگریٹ نشے کی پہلی سیڑھی ہے جس کے عادی افراد آگے جاکر دیگر منشیات کے عادی ہوجاتے ہیں منشیات معاشرہ کیلئے ناسورہے،انہوں نے کہاکہ منشیات کے عادی افراد معاشرہ پر بوجھ بن جاتے ہیں نشے سے انکار کرنے والے لوگوں کو ہی زندگی سے پیار ہوتا ہے اورجو لوگ زندگی سے پیار کرتے ہیں وہ منشیات کے قریب جانے کا تصور تک بھی نہیں کرسکتے، نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے معاشرہ کے ہرفردکو کرداراداکرنا ہوگا،انہوں نے کہاکہ آج کے نوجوانوں سے قوم کی متعددامیدیں وابستہ ہیں جنہیں منشیات سے بچانااوراس لعنت سے دور رکھنا وقت کا تقاضا ہے،انہوں نے کہاکہ منشیات کی وجہ سے اچھے خاصے نوجوانوں کی زندگیاں برباد ہوجاتی ہیں، نشے کے عادی افراد کو ایک بار پھر اس معاشرہ کے معزز افراد بنانے کیلئے سب کو مل کر عملی کوششیں اوراقدامات اٹھانے کی اشدضرورت ہے اوراس ضمن میں ہم بھرپورتعاؤن کرنے کیلئے تیار ہیں،اس موقع پرموقع پر ڈاکٹروں،اساتذہ،طلبہ،سوشل ورکروں اور دیگر افراد کثیرتعدادموجود تھی۔
1,236 total views, no views today



