اسلام آباد: حکومت اور طالبان سے مذاکرت تشکیل دی جانے والی حکومتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ قیام امن کے بغیرمذاکرات کا سلسلہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے حکومتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ آئندہ مذاکرات ہونے والے مذاکرات میں یہ طے ہوجائے گا طالبان مذاکرات میں کتنا سنجیدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بات اسی صورت آگے بڑھے گی
جب طالبان کی جانب سے بنائی کمیٹی امن کے قیام کی ضمانت دے گی، بے شک ہم مذاکرات کے ذریعے اپنی اپنی خواہشات کا تاج محل بھی کھڑا کرلیں لیکن کسی بھی دہشت گری کی کارروائی کے نتیجے میں وہ ایک لمحے میں ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت کے لئے اس طرح کی کارروائیوں کا سلسلہ روکنا ہوگا۔
عرفان صدیقی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کراچی میں پولیس بس پر حملے جیسی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا تاثر نہیں دینا چاہتے حکومت یا حکومتی مذاکراتی کمیٹی ناراض ہوگئی ہے لیکن یہ مذاکرات بہت زیادہ طویل نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹرکے قریب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے پولیس بس پر حملہ کیا گیا تھا جسے کے نتیجے میں 13 اہلکار جاں بحق اوردرجنوں اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جس کی ذمہ داری داری طالبان نے قبول کی تھی، ترجمان طالبان شاہد اللہ شاہد کا کہنا تھا کہ حکومتی ایجنسیاں اورپولیس ان کے ساتھیوں کو جعلی مقابلے میں ماررہی ہیں۔
376 total views, 1 views today