سوات(سوات نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں معلومات تک رسائی ایکٹ مجریہ 2013 ء دنیا کے 124 ممالک میں سب سے بہترین ایکٹ ڈکلیئر ہوچکا ہے معلومات تک رسائی ایکٹ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق شفافیت اور احتساب کے عمل کی طرف ایک کامیاب کاوش ہے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام حکومتی امور میں شرکت آرٹی آئی ایکٹ کے ذریعے ممکن بناسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اب عوام کسی بھی حکومتی اقدام کے بارے میں بروقت اور درست معلومات حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں
جسکی بدولت صحیح معنوں میں حکمران اور حکومتی ادارے عوام کے سامنے جوابدہ ہوگئے ہیں جو نئے پاکستان میں ہی ممکن ہوگیا ہے پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں، کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن عمران خان کے درست اور سخت فیصلوں نے نہ صرف ملک کو بچالیا بلکہ ترقی کی راہ پر بھی گامزن کردیا ہے بہت جلد مشکل وقت ختم ہوکر عوام کو سخت فیصلوں کے ثمرات ملیں گے وہ ملاکنڈ ڈویژن تک معلومات تک رسائی ایکٹ 2013 ء کی توسیع کے بارے میں آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جو خپل کور ماڈل سکول مینگورہ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا سیمینار میں آرٹی آئی کے چیف کمشنر عظمت حنیف اورکزئی، ضلعی انتظامیہ نمائندوں، سول سوسائٹی، سرکاری افسران، ناظمین، وکلاء برادری اور دیگر زعماء نے کثیرتعداد میں شرکت کی عظمت حنیف اور کزئی نے ایکٹ کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایکٹ ریاست مدینہ کی سوچ کو سامنے رکھ کر بنایا گیا ہے ریاست مدینہ میں بھی ہرکسی کو معلومات کی فراہمی اورحقائق جاننے کا حق حاصل تھا اس ایکٹ کے ذریعے شفافیت اور احتساب کے عمل کو مزید مضبوط بنادیا گیا ہے جسکو بین الاقوامی سطح پر پوری دنیا میں پذیرائی حاصل ہوگئی ہے پہلے کرپٹ حکمران اپنے اثاثے چھپاتے تھے اب عوام کو یہ حق حاصل ہوگیا ہے کہ وہ کرپٹ اور چور لوگوں سے ان کے اثاثوں کے بارے میں پوچھیں انہوں نے کہا کہ ہمارا قومی المیہ یہ ہے کہ سیاست میں آنے سے پہلے کرپٹ لوگوں کے پاس سائیکل نہیں ہوتی تھی مگر اب بڑی بڑی گاڑیوں اور گھروں کے مالک بن گئے ہیں اور اگر کوئی ان سے سوال کرے تو شور مچا کر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ اب کرپٹ لوگوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائیگا چوروں اور لٹیروں کو ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کا جواب عوام کو دینا ہوگا شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ ایک دوسرے کو گالیاں اور مارنے کی دھمکی دینے والے پی پی پی اور پی ایم ایل این کے لٹیرے اور چور اپنی کرپشن چھپانے کیلئے اب ایک دوسرے کے قریب ہوگئے ہیں جن کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے واپڈا1250 ارب روپے،محکمہ سوئی گیس 54 ارب روپے اور پی آئی اے 350 ارب روپے کا مقروض ہوگیاجبکہ سٹیل مل اور دوسرے ادارے بھی خسارے میں چلے گئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی چھ سات مہینوں کی وجہ سے نہیں آتی بلکہ ان کی وجوہات ان چوروں کے لئے گئے 30 ہزار ارب روپے کا بیرونی قرض ہے جس پر آج وزیر اعظم عمران خان کو تقریباً 7 ارب روپے سود ادا کرنا پڑ رہاہے اپوزیشن کے اتحاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ فضل الرحمٰن نے حکومت کے تیسرے دن کہا کہ حکومت ناکام ہوگئی ہے اصل میں اسکی ناراضگی کی وجہ اسمبلی سے باہر ہونا ہے عمران خان کے 126 دن کے دھرنے کی بدولت عوام میں شعور آگیا ہے عوام نے ان سب کو مسترد کردیا ہے چاہے یہ جتنے بھی تحریک چلائیں ملک کی خاطر احتساب کا عمل کسی حال نہیں رکے گا عمران خان ایک دن کی حکومت کریگا لیکن کرپشن پر کھبی بھی کمپرومائز نہیں کریگا انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے قرضوں کا خاتمہ بہت ضروری ہے عوام کو یہ اطمینان ہوچکا ہے کہ ان کا وزیراعظم عمران خان چور نہیں ہے اب قوم کا مستقبل محفوظ ہے اور بہت جلد مشکل حالات سے نکل کر ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
1,168 total views, 2 views today