سوات (سوات نیوز) پولیس شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا، جنہوں نے ہماری کل کے لئے اپنی آج قربان کرکے امن کی بحالی میں مثالی قربانی دی ہے جو ملک کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائیگا،ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمد سعید خان وزیر نے جاوید اقبال شہید پولیس لائن میں یوم شہداء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،گزشتہ روزصوبے کے دیگر اضلاع کی طرح سوات میں بھی یوم شہداء 4اگست جاوید اقبال شہیدپولیس لائن میں منایاگیا، اس موقع پرملاکنڈ پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے خاطر ریجنل پولیس آفیسر محمد سعید، ضلعی پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے یاد گارِ شہداء پر گلدستے رکھے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،اور اُن کے ایصال ثواب کے لئے جاوید اقبال شہید پولیس لائن میں قرآن خوانی کی اور اُن کے بلند درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔تقریب میں وطن عزیز پر جان قربان کرنے والے پولیس کے ریٹائیرڈ آفیسر، جوانوں اور شہادت کے بلند مرتبے پر فائز شہداء کے لواحقین،معزیزین علاقہ نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسرمحمد سعید خان وزیر، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود،6بریگیڈبرگیڈئیرنسیم، ایم این اے سلیم الرحمن، سابقہ ایم پی اے واجد علی خان، ضلعی ناظم محمد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام فورسز کے شہداء وطن اور قوم کے محسن ہیں، جنہوں نے پاکستان کو محفوظ بنانے کے لئے اپنے آج کو ہمارے کل پر قربان کر دیا ہم سب کو اپنے شہداء کے قربانیوں پر فخر ہے جن کی دی ہوئی قربانیوں کی بدولت آج ہم امن کی زندگی بسر کر رہے ہیں، زندہ قومیں ہمیشہ اپنے اسلاف کی دی ہوئی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں شہداء کی دی ہوئی قربانیوں پر ان کے اہلخانہ کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہداء کی دی ہوئی قربانیوں کے وجہ سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے میں مدد ملی ہے، پولیس شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔مقررین کا کہنا تھا کہ ان تقریبات کا مقصدشہداء کے اہلخانہ پر یہ باور کرانا ہے کہ ان کے پیاروں نے ملک کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ شہید آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ جاوید ہیں، سوات پولیس کے جوانوں نے نہایت کٹھن حالات میں دلیری اور بہادری کے ساتھ دہشت گردی کا ڈٹ کا مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے سوات سمیت پورے ملک میں امن کی فضاء قائم کی۔

ضلع سوات جو دہشت گردی کی لہر سے متاثر ہوا لیکن عوام کے تعاون، سیکورٹی فورسسز اور پولیس کی قربانیوں سے علاقہ میں امن قائم ہوا اور سماج دشمن عناصر کے مذموم مقاصد خا ک میں ملا دئیے گئے، دہشت گردی کے خلاف لڑی جانیوالی جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس فرنٹ لائن پر رہی اور اس فورس نے ایڈیشنل آئی جی سے لیکر سپاہی تک قربانیوں کی داستان رقم کرتے ہوئے دنیا میں اپنے آپ کو بہترین پولیس فورس کے طور پر منوایا جو کہ قابل تحسین ہے۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی ۔
1,378 total views, no views today



