سوات (سوات نیوز) سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم اور پریس کلب چیئرمین شہزاد عالم نے ڈپٹی کمشنر سوات کو بجلی بلوں میں سیلز ٹیکس کے حوالے سے عوامی تشویش سے آگاہ کیا، غیر قانونی طورپر سیلز ٹیکس کی وصولی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سواتی عوام کی قربانیوں کا صلہ انہیں بلوں میں سیلز ٹیکس کی وصولی میں دیا جا رہا ہے، مزید امتحان نہ لیا جائے، عبدالرحیم اور شہزاد عالم نے فوری طور پر بجلی بلوں میں ٹیکسز کے خاتمے کا مطالبہ کیا،ڈی سی سوات کا فوری طور پر بلوں سے سیلز ٹیکس ختم کرنے کی ہدایت، تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم اور سوات پریس کلب کے چیئرمین شہزاد عالم نے قائمقام ڈپٹی کمشنر محمد فواد خان سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں بجلی بلوں میں ٹیکسز کے حوالے سے عوامی تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ سواتی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے مزید امتحان نہ لیا جائے، حکومت کی جانب سے پانچ سال تک ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو ٹیکسز میں ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے سواتی عوام پہلے سے کشیدہ حالات، سیلاب اور دیگر آفات سے متاثرہ ہے لہذا عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں ریلیف دیا جائے جس پر قائمقام ڈپٹی کمشنر محمد فواد خان نے واپڈا ریونیو آفیسر سے رابطہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ چونکہ سوات ٹیکس فری زون ہے لہذا یہاں پر کسی قسم کا سیلز ٹیکس لاگو نہیں ہے بجلی بلوں سے فوری طور پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے اور گذشتہ ماہ کے بلوں میں سیلز ٹیکس ختم کرنے کیلئے 9240288 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
1,000 total views, 2 views today