مینگورہ،ڈپٹی کمشنر سوات نے پارسا کے تعاون سے ایک بین الاقوامی محفل مشاعرہ کا انعقاد کیاہے جو اس مہینے کی 21 تاریخ کو ودودیہ ہال میں منعقد ہو رہاہے لیکن اس میں سوات کے شاعروں اور ادیبوں کو ابھی تک دعوت نامے جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ سوات کے ادبی حلقوں نے اس پر تعجب اور حیرت کا اظہار کیا ہے کہ سوات کے نام پر منعقد ہونے والے مشاعرہ میں ملک بھر بلکہ بیرون ملک سے شاعروں کودعوت دی گئی ہے لیکن مقامی شاعروں اور ادیبوں کو دانستہ طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے میں ڈپٹی کمشنر کو حقیقت سے بے خبر رکھا گیا ہے اور ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے اس مشاعرے کے منتظم سب کچھ اپنی مرضی کے مطابق کر رہے ہیں۔ مشاعرے کے انعقاد کے بعد مقامی شاعر و ادیب اس سلسلہ میں بھرپور احتجاج کریں گے اور متعلقہ حکام سے اپنی حق تلفی کے سلسلہ میں بازپرس کریں گے۔ سوات کے شاعروں اور ادیبوں نے کہا ہے کہ اگر انھیں اس مشاعرہ کے سلسلہ میں اعتماد میں لیا جاتا اور مقامی شاعروں کو بھی انتظامی کمیٹی میں شامل کرلیا جاتا تو وہ مشاعرہ کی کامیابی میں بھی اپنا حصہ ڈال لیتے۔
854 total views, no views today


