راولپنڈی(این این ائی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے رواں برس 27 فروری سے تاحال مختلف جھڑپوں میں بھارتی فوج کے 60 اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتارا اور دو طیاروں کو مار گرایا ہے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ پاک فوج نے 27 فروری سے اب تک 60 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا جب کہ متعدد بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے، اسی طرح پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیاروں کو بھی مار گرایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزید لکھا کہ پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی فوج کے بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں اُن کے بنکرز کو تباہ کیا اور بھارتی توپ خانوں کی پوزیشن کو بھی نقصان پہنچاتے ہوئے انہیں جگہ تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔
979 total views, no views today



