اسلام آباد(ان لائن) پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود پاکستانی و کشمیری شہری 27 اکتوبر 1947ء کو کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری مراکز بند رہیں گے، جلسے، جلوس، مظاہرے ہوں گے دھرنا دیا جائے گا، ریلیاں نکالی جائیں گی۔ سفارت خانوں کو وادی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی اور دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ کشمیر پر بھارت کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آزادی تک کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔ وزیراعظم فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں داخل ہو کر اخلاقی اور بین الاقوامی اصولوں کو پائوں تلے روندا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے یوم سیاہ پر کشمیریوں اور پاکستانیوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا آج کشمیر بنے گا پاکستان کے اعلان کا دن ہے، تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا کشمیرکی آزادی سے ہی مکمل ہوگا، تکمیل پاکستان کے لئے کشمیر کی آزادی لازمی تقاضا ہے، شہداءکے قبرستان گواہ ہیں کشمیری آزاد تھے، ہیں اور رہیں گے، غاصب اور قاتل بھارت کشمیریوں کی جان لے سکتا ہے، خواب نہیں چھین سکتا، دنیا دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ختم کرائے۔
1,404 total views, no views today



