بریکوٹ ،ناگوہا چشمے سے علاقہ شموزئی کو پانی کی فراہمی نے شدت اختیار کرلی،علاقے کے عوام نے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں صوبائی حکومت اور مقامی ایم پی اے کے خلاف نعرہ بازی کی گئی ،مظاہر ین سے خطاب کرتے ہوئے عمائدین نے کہاکہ چشمے سے پانی کی فراہمی ہمارے لاشوں پر ہوگی ایم پی اے اس منصوبے کو ترک کردیں اور اس پسماندہ علاقے کو بنیادی مسائل کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اہلیان ناگوہانے چشمے سے علاقہ شموزئی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے پر شدید احتجاجی مظاہر ہ کیا اس مظاہر ہ سے خطاب کرتے ہوئے ظاہرشاہ باچہ،شاہ وزیر خان،بخت بلند،رضا خان ،خان زادہ ،روزی خان،محمد اکرم ،الطاف ،آمین خان کے علاوہ دیگر مقررین نے کہا کہ پی کے 82ایم پی اے ڈاکٹر امجدعلی ناگوہا کے اکلوتے چشمے سے اپنے آبائی علاقہ شموزئی کو صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جس پر 6کروڑ روپے لاگت ہے کے لئے پائپ بچھانا چاہتا ہے جس کی وجہ سے اس علاقے کی قیمتی سینکڑوں ایکڑ فصلی زمین بنجر ہو گی ،چھ سو گھرانے پر مشتمل علاقہ ناگوہا کا تمام بنیادی ضروریات کا درو مدار اس چشمے پر ہے ۔اس چشمے پر چند غریب کسانوں کی پن چکیاں بھی لگی ہوئی ہیں جس سے ایک طرف ان کا رزق وابستہ ہے جبکہ دوسری طرف یہ پن چکیاں یہاں کے عوام کے لئے بہترین سہولت بھی ہے ۔مقررین نے کہا کہ پاک آرمی نے بجلی کا ٹربائین لگا کر اہلیان ناگوہا کو بجلی کی سہولت دی جس سے علاقے کو سستی بجلی ملی اور عوام کو کافی حد تک فائدہ ہوا،مقامی ایم پی اے اپنی سہولت کی خاطر اہلیان ناگوہا کی زندگی اجیرن بنا رہا ہے وہ یہاں کے سلگتے مسائل پر توجہ کیوں نہیں دیتا ناگوہا میں صحت،تعلیم اور دیگر بنیادی مسائل نے ڈھیرے جما لیے ہیں ۔مقررین نے جذباتی انداز میں کہا کہ مقامی ایم پی اے اپنی طاقت کا غلط استعمال کررہا ہے اگر ہمیں ہمارا حق نہیں دے سکتا تو اہلیان ناگوہا سے صاف پانی کا حق بھی نہ چھینے۔مظاہرین نے صوبائی حکومت ،انتظامیہ اور پاک آرمی سے اس منصوبے کو ختم کرنے کی اپیل کی ۔
816 total views, no views today


