سوات، انجینئر امیر مقام نے کہا ہے آرمی پبلک سکول کے معصوم شہدا کی قربانی رنگ لائے گی اور اس ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات ملے گی ،ان معصوم نونہالوں کی قربانی نے پوری قوم کو .یکجا کر دیا ہے ،قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی بم دھماکے اور دہشت گردی کی وارداتیں ہمارا عزم کمزور نہیں کرسکتیں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک حق کی آواز بلند کرتا رہوں گا،میری زندگی کا مقصد صرف اپنی جان بچانا نہیں بلکہ پوری قوم کی جان بچانا اور انہیں خوشیاں فراہم کرنا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پورن ہاؤس سنگوٹہ سوات میں آرمی پبلک سکول کے شہید طلبا کی یاد میں منعقدہ تعزیتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،قبل ازیں انہوں نے فرنٹیئر چلڈرن اکیڈیمی سنگوٹہ سوات کے طلبا اور طالبات کے ہمراہ پورن ہاؤس میں معصوم شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ،اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگی رہنما قیموس خان ، قوی خان ، انجینئر عمر فاروق ، اور دوسرے رہنما بھی موجود تھے ، تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات اوردھماکے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے ، اپنے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے ہماری امن کوششیں اور جدوجہد جاری رہے گی ،انہوں نے کہا کہ 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول میں ہونے والی بربریت نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوچکی ہے ،انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کی اطلاع انہیں بونیر میں ملی اور وہ اپنا پروگرام ملتوی کرکے فوری طور پر پشاور پہنچے جہاں انہیں بھی بم کا نشانہ بنایا گیا ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مجھے اپنی جان پر ہونے والے دھماکے کا اتنا افسوس نہیں جس قدر مجھے پشاور کے مقامی سکول میں معصوم طلبا کی شہادت پر افسوس ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وہ روز اول سے کوشاں ہیں اور ان پر ہونے والے دھماکوں سے ان کے حوصلے پست نہیں کیئے جاسکتے ، دہشت گردی کے خلاف ان کی جنگ جاری رہے گی ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کال پر بلائی جانے والی آل پاٹیز کانفرنس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے ون پوائنٹ ایجنڈے پر جس اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اب پاکستان میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کا آغاز ہوگا ، تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان دے سکیں ،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے مجھے ساتویں بار زندگی کا موقع فراہم کیا ہے جس پر میں اللہ کا شکر گزار ہوں اور عوام کا مشکور ہوں جن کی دعائیں ہر بار مجھے بچالیتی ہیں ،انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے ،میں نے اپنی زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی ہے ۔
900 total views, no views today


