چترال(سوات نیوز)کالاش قبیلے کا مشہور تہوار چلم جوشٹ بھی کرونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہو گیا ہے ۔ یہ تہوار گذشتہ سالوں میں مہینوں پہلے تیاری کے ساتھ منایا جاتا تھالیکن اب کرونا وائرس کی وجہ سے قبیلے کے لوگ یہ فیسٹول شایان شان طریقے سے منانے سے قاصر ہیں ۔ اگرچہ قبیلے کے مردو خواتین نے فیسٹول کیلئے تیاری کر لی ہے تاہم کرونا وائرس کے حوالے سے پھیلائی جانے والی آگہی اور خوف کی وجہ سے لوگ بڑے اجتماع سے خود کو دور رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ خصوصا کالاش قبیلہ جن کی آبادی بہت محدود ہے حتی المقدور احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنی نقل و حمل بھی بہت کم کردی ہے ۔ پیر کے روز فیسٹول کے انعقاد کے حوالے سے احتیاطی تدابیر ترتیب دینے کے سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر چترال عبد الولی خان کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں کالاش ویلیز رمبور ، بمبوریت اور بریر سے کالاش قاضیوں اور عمائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیسٹول کے انعقاد کے دوران سماجی فاصلہ رکھنے ، اورصفائی کے انتظامات کے سلسلے میں طویل بحث کی گئی اور فیسٹول میں حکومتی ایس او پی پر ہر ممکن عملدر آمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کالاش چیف قاضی شیرزادہ خان نے فون پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے حالات انتہائی طور پر سنگین ہیں اس لئے کالاش کمیونٹی کے عمائدین نے متفقہ طور پر فیسٹول کو محدود طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے.
1,185 total views, no views today



