اسلام آباد(ان لائن ) وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دفاع کیلئے ایک ہزار 289 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال 1200 ارب کا دفاعی بجٹ منجمد رکھا گیا تھا۔ اس طرح افواج پاکستان کے بجٹ میں 89 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بجٹ تقریر کے دوران بتایا کہ مالی سال دو ہزار بیس اکیس کے بجٹ میں دفاع کیلئے 1289 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ افواج پاکستان کے بجٹ میں 89 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے دفاعی بجٹ میں ملازمین کے اخراجات کی مد میں 745 ارب روپے سے زائد اور آپریٹنگ اخراجات کی مد میں 301 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔ سول ورکس کی مد میں 478 ارب روپے سے زائد اور فزیکل اثاثوں کا تخمینہ 75 ارب روپے سے زائد کا لگایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے مزید کہا کہ حکومت کفایت شعاری کے اصولوں پر کاربند ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران کفایت شعاری اور غیرضروری اخراجات میں کمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ افواج پاکستان کے شکرگزار ہیں جو حکومت کی کفایت شعاری پالیسی میں شامل ہوئیں۔
982 total views, no views today



