مینگورہ(ناصرعالم سے)مون سون کی آمد،محلہ شہاب نگر کیلئے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں،برساتی نالے اور ندی کے آس پاس موجود گھروں میں بارش کا پانی گھس جانے کا خطرہ بڑ ھ گیا،ماہ رمضان میں متعددمکانات متاثر ہوئے تھے جس پرحکومت تاحال خاموش ہے،اہل علاقہ نے حفاظتی پشتے تعمیر کرنے کا مطالبہ کردیا،تفصیلات کے مطابق مینگورہ کا محلہ شہاب نگرمون سون بارشوں کے دوران شدیدخطرے سے دوچارہے کیونکہ بار ش کے وقت ندی نالوں اور کھیتوں کا پانی یہاں پر موجود گھر وں میں گھس کر شدید نقصان کا سبب بن جاتا ہے جس کی زندہ مثال پچھلے رمضان میں سیلابی ریلے کی آمد ہے جوعین افطاری کے وقت بڑی تیزی کے ساتھ گھروں میں گھس گیا تھاجس نے لوگوں کو کافی نقصان پہنچایا تاہم اس وقت بھی حکومت اور انتظامیہ نے خاموشی اختیار کی تھی اور اب چونکہ مون سون کی بارشیں شروع ہونے والی ہیں تو ماہرین نے کہاہے کہ اگر بروقت خواجہ آباد میں سڑک کنارے موجود ندی کے اطراف میں حفاظتی پشتے تعمیر نہ کئے گئے تو آنے والی بارشوں کا پانی پھر قریبی مکانات میں گھس جائے گا جبکہ محلے کے دیگر مکانات میں بھی پانی کے گھس جانے کا خطرہ ہے کیونکہ اس محلے میں ایک طرف اگر سیوریج سسٹم نہ ہونے کے برابر ہے تو دوسری طرف محلے کے ندی نالے گندگی سے بھر گئے ہیں،اہل محلہ نے حکومتی ذمہ داروں اورانتظامیہ سے اپیل کی ہے وہ جلد ازجلد محلہ شہاب نگر کی طرف فوری توجہ دیں اور خواجہ آباد میں روڈ کنارے واقع ندی کے ایک طرف فوری طورپر حفاظتی پشتہ تعمیر کریں تاکہ عوامی پریشانیوں کا خاتمہ ہوسکے۔
690 total views, 2 views today