سوات(سوات نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے صدر و چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے پشاور میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ملاکنڈ ڈویژن کی مجموعی ترقیاتی صورتحال،سوات موٹروے فیز ٹو،زرعی یونیورسٹی سوات،چلڈرن ہسپتال، انجینئرنگ یونیورسٹی، کارڈ یالوجی ہسپتال، گائنی ہسپتال، دیر میڈیکل کالج تیمرگرہ،دیر ایکسپریس وے،مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی سکیم،سیدوڈینٹل کالج،سوات جیل،سیدو شریف میں نئے کالج کے منظوری کے حوالے سے اقدامات اور پیشرفت سمیت ڈویژن بھر کے تمام اضلاع کے صحت اور تعلیم کے دیگر منصوبوں سمیت ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی ہے۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کی کوششوں اور موجودہ صورتحال میں معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ضروری فیصلے بھی کئے گئے۔ ملاقات کے بعد فضل حکیم خان یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں صوبہ بھر میں بہترین کام ہو رہے ہیں اور محمود خان عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عوام تحریک انصاف حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہیں جو کہ عوام کی خواہشات کے عین مطابق مکمل کئے جا رہے ہیں۔ چئیرمین ڈیڈیک سوات کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ امانت سمجھ کر عوام پر ہی خرچ کررہے ہیں۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سیاحتی مقامات اورتفریحی مقامات کو سیاحوں کے لئے پرکشش بنانے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے جارہے ہیں جبکہ جنگلات کی ترقی اور تحفظ سمیت جنگلی حیات کی حفاظت اور اہمیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو اللہ تعالیٰ نے ایک ایماندار، مخلص اور پاکستان تحریک انصاف کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ عطا کیا ہے جس میں یہ خوبی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے تمام عوام کو ایک ہی نظر سے دیکھتا ہے اور امیر اور غریب میں تفریق نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ مخالفین منفی سیاست سے ترقی و خوشحالی کے سفر کو روکنا چاہتے ہیں۔ تنقید کی پرواہ کئے بغیرعوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ ہر پروپیگنڈے کا جواب کارکردگی سے دیں گے۔فضل حکیم خان نے دیر کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال دیر میڈیکل کالج تیمرگرہ میں کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔
654 total views, 4 views today