سوات(سوات نیوز) گورکین ہائیڈروپاور منصوبے کے اراضی مالکان اور عمائدین کا مطالبات کی منظوری کے لئے ایک ہفتہ کی ڈلائن، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ہائیڈروپاور منصوبے پر مکمل طور پر کام بند کرکے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے، قیمتی اراضی دینے والے مالکان اور علاقہ عمائدین کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی مکمل خلاف ورزی ہورہی ہے اپنے حقوق کے حصول کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے تا حال اراضی مالکان کو معاوضے نہیں ملے، جبکہ پراجیکٹ میں کام کرنے والے ملازمین بھی غیر مقامی ہیں جو معاہدے کی مکمل خلاف ورزی ہے ان خیالات اظہار پختونخوا امن جرگہ ملاکنڈ ڈویژن کے چیئرمین حاجی رحمت دین صدیقی،پختونخوا امن جرگہ ضلع سوات کے صدر ملک غلام علی خان، ضلعی نائب صدر ملک ذاکر خان ایڈوکیٹ، رہنما ملک محمد زیب،ملک نواب خان، ملک سیدا جان، ملک عطاء الرحمان،ملک اونگرزیب، ترجمان گوہر علی پختون یا ر اور دیگر سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ گورکین میں ہائیڈروپاور 84 میگا واٹ پراجیکٹ کے منصوبے کی منظوری کے وقت اے این پی دور حکومت میں اراضی مالکان، عمائدین اور علاقے کے عوام کے ساتھ ایک معاہدہ کیا گیا تھا کے پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد علاقے کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی، بجلی رائیلٹی کی دس فیصد آمدنی علاقے کی تعمیر و ترقی پر خرچ کی جائے گی، پراجیکٹ میں اعلیٰ سے آدنیٰ تک تمام ملازمین علاقے سے بھرتی کئے جائیں گے اگر علاقے میں مقررہ معیار پر مقا می افراد پورے نہ اترے تو پھر باہر علاقوں سے ملازمین بھرتی کئے جائیں گے جبکہ اراضی مالکان کو 19 لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے معاوضہ فراہم کئے جائیں گے، وادی کالام کے لوگ پر امن اور ترقی پسند ہیں اور ہر سال لاکھوں سیاحوں کی مہمان نوازی کرتے ہیں اس لئے انہوں نے دو کروڑ فی کنال اراضی کی قیمت علاقے اور ملک کے وسیع تر مفاد کے لئے 19 لاکھ روہے دینے پر اراضی ہوگئے لیکن آج تک حکومت کی جانب سے معاہدے کے تحت عمائدین سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا، اس وجہ سے عمائدین نے پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے سپلائی بند کردی ہے اور مکمل کام کی بندش کی لئے حکومت کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو ہم پراجیکٹ پر مکمل طور پر کام بند کرکے وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے اور حقوق کے حصول تک اپنا پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔
955 total views, no views today



