لندن: پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر اور ایک روزہ میچز میں چھکوں کے عالمی ریکارڈ بنانے والے شاہد آفریدی اور برطانوی کاؤنٹی نارتھمپٹن شائر کے درمیان ٹی 20 کھیلنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی کاؤنٹی نارتھمپٹن کے کوچ ڈیوڈ ریپلے نے بتایا کہ شاہد آفریدی کا 6 ماہ تک کاؤنٹی کرکٹ کا معاہدہ طے پایا ہے، شاہد آفریدی کسی تعارف کے محتاج نہیں، وہ گزشتہ دہائی سے ایک روزہ میچز کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ ہم نے ایک موزوں وقت پر ایک موزوں کھلاڑی کا انتخاب کیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ کاؤنٹی جیسے مقابلوں کے لیے شاہد آفریدی سے یہ ایک اہم معاہدہ ہے جبکہ اس میں مزید اچھے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسٹار کرکٹرشاہد آفریدی اس سے قبل لیسٹر شائر، ڈربی شائر، کینٹ اور ہیمشائر کی جانب سے بھی کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں جبکہ وہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔ ان کے شاندار کریئر میں 389 ایک روزہ میچز میں 116 سے زائد اور 77 ٹی 20 میچز میں 145 سے زائد کی اوسط سے رنز بنانا شامل ہیں اس کے علاوہ ایک روزہ میچز میں 342 چھکوں کا عالمی ریکارڈ بھی شاہد آفریدی کے نام ہے۔
694 total views, no views today


