پشاور (سوات نیوز)پشاور میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر ملک سعد شہید پولیس لائن میں ایک اعلی سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے، کمانڈر 102بریگیڈ، بریگیڈئیر مدثر اور سی سی پی او عباس احسن کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں چیف ٹریفک پولیس آفیسر عباس مجید خان مروت، ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق، ایڈیشنل کمشنر پشاور ڈویژن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور گل بانو، ایس پی سکیورٹی محمد نبیل، ایس پی صدر ڈویژن وقار احمد، ایس پی ہیڈ کوارٹرز رحیم حسین، متحدہ امن کمیٹی کے سرپرست اعلی مولانا حسین احمد مدنی اور دیگر ممبران سمیت ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی
بریگیڈئیر مدثر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں امن و امان کے قیام کی خاطر متحدہ امن کمیٹی نے مثبت کردار ادا کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، انہوں نے شرکاء سے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں
سی سی پی او عباس احسن نے شرکاء سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ محرم کا پر امن انعقاد اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، سی سی پی او نے مزید کہا کہ متحدہ امن کمیٹی کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جنہوں نے شہر میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح پاک آرمی سمیت دیگر تمام اہم اداروں، ضلعی انتظامیہ، تمام مسالک اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے محرم الحرام کے موقع پر امن کو یقینی بنایا جائے گا، سی سی پی او نے محرم الحرام کے حرمت کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام مقدس مہینہ ہے جس کا احترام ہم سب پر لازم ہے، انہوں نے واضح کیا کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، معززین علاقہ اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر شہر میں امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کرینگے، سی سی پی او نے مزید کہا کہ متحدہ امن کمیٹی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس میں تمام مذاہب کے پیرو کار شہر میں امن و امان کی خاطر کردار ادا کر رہے ہیں جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر پوری ایمانداری اور جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں
مولانا حسین احمد مدنی کی سربراہی میں آنے والے متحدہ امن کمیٹی کے نمائندہ وفد میں عارف یوسف، حاجی شاہ پور، گورپال سنگھ اور دیگر راہنما بھی موجود تھے جنہوں نے محرم الحرام کے لئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس ضمن میں پولیس اور دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کا عزم ظاہر کیا، آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور شہر میں امن و امان کی خاطر خصوصی دعا بھی کی گئی
1,192 total views, no views today



