شانگلہ(سوات نیوز)وزیر اعلی محمود خان نے کہا ہے کہ پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں کے لئے ضلع شانگلہ اور دیگر ملحقہ اضلاع کا الگ زون قائم کرنے کا اصولی فیصلہ ہوگیا ہے، جو لوگ 5 سال اقتدار میں رہ کر اپنے گاؤں کے مسائل حل نہیں کر سکتے انہیں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں،سابقہ حکمرانوں نے اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، ان خیالات کا اظہات وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے شانگلہ میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان 72 سالوں کی خرابیوں کو ٹھیک کر رہا ہے،موجودہ حکومت اور عمران خان کی پالیسیوں سے ملک اب اٹھ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی یکساں بنیادوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ہم اپنی عوامی خدمت اور بہتر طرز حکمرانی کی بدولت دوبارہ اقتدار میں آئیں گے،محمود خان نے مزید کہا کہ صحت کارڈ پلس اسکیم خیبر پختونخوا حکومت کا ایک فلیگ شپ اور عوام دوست منصوبہ ہے اور بہت جلد صوبے میں کسان کارڈ اور ایجوکیشن کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی کے لئے بجٹ میں دس ارب روپے رکھے گئے ہیں، گزشتہ تین سالوں میں ضلع شانگلہ کے لئے 21 ارب روپے کے منصوبے منظور کئے گئے،گزشتہ وزرائے اعلی نے صرف اپنے اپنے اضلاع پر توجہ دی، انہوں نے کہا کہ ہم تمام اضلاع اور علاقوں کی یکساں بنیادوں پر ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں،سیاحت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں سیاحت اور پن بجلی کے مواقع سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے بدولت رواں سیزن میں 72 لاکھ سیاحوں نے صوبے کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا، ان سیاحوں کی آمد سے صوبے کی معیشت کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا،انہوں نے کہا کہ ضلع شانگلہ میں سیاحتی مقامات تک رابطہ سڑکوں کی تعمیر کے 4 منصوبے منظور کئے گئے ہیں،شانگلہ میں زلزلے سے تباہ شدہ باقی ماندہ سکولوں اور سڑکوں کو صوبائی حکومت کے فنڈز سے دوبارہ تعمیر کریں گے۔
485 total views, no views today



