اسلام آباد:(ان لائن) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب میں صحت کارڈ کی فراہمی سے متعلق اجلاس ہوا ہے ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں تقریبا 4 کروڑصحت کارڈ کی تقسیم کے عمل کے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب میں صحت کارڈ کی فراہمی سے متعلق اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان ، ڈاکٹر شہباز گل ،وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد ، وزیر صحت /خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں تقریبا 4 کروڑصحت کارڈ کی تقسیم کا عمل 31 دسمبر سے شروع کر کے مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔اس سہولت کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے موثرنفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو برؤے کار لایا جائے۔وزیرِ اعظم نے صحت کارڈ کی فراہمی کو موجودہ حکومت کا انتہائی اہم اقدام قرار دے دیا۔یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی موجودہ حکومت کے ویژن کا اہم جزو ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے کمزور طبقات تک صحت کی معیاری سہولیات نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے بلکہ ہماری ترجیحات کا بھی واضح مظہر ہے۔صحت کارڈاقدام کی بدولت جہاں معاشرے کے کمزور طبقات کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی وہاں ہسپتالوں کے شعبے خصوصا نجی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خا ن کا کہنا تھا کہ مختلف اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے جہاں یکساں معیاری سہولیات کو یقینی بنایا جائے وہاں اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ سہولت سے مستفید ہونے والے افراد کے فیڈ بیک کو نظام کا مستقل حصہ بنایا جائے تاکہ کسی بھی دقت کو بروقت دور کیا جاسکے۔وزیر اعظم نے منصوبے پر عملدرآمد کو موثر بنانے کے لیے خصوصی سیل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
464 total views, 2 views today