پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا، ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی پوری کوشش کی تاہم وہ خالق حقیقی سے جاملے۔
انھوں نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔یاد رہے کہ وہ ملک کے جوہری پروگرام کے بانی تھے اور انھوں نے ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن پاکستان کی وفات پر گہرا دکھ ہے ۔

اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے انا للہ و انا الیہ راجعون لکھتے ہوئے کہا کہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو 1982 سے ذاتی طور پر جانتا ہوں ، انہوں نے قوم کے تحفظ کےلئے ایٹمی ہتھیار بنانے میں ہماری بے مثال مدد کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بطور احسان مند قوم ہم اس حوالے سے ان کی خدمات کو بھلا نہیں سکتے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔

اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ہمیں اپنے سے کئی گنا بڑے ہمسائے اور ایٹمی ریاست کی جارحیت سے تحفظ فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کےلئے وہ ایک قومی ہیرو ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں دفن کیا جائے گا۔انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان کے ممتاز سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کیلئے ان کی ان گنت خدمات ہیں، اللہ تعالیٰ انھیں غریق رحمت کرے۔ آمین

فاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنےڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پرگہرے دکھ اورغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی محسن پاکستان کو جنت الفردوس میں اعلی ٰترین مقام عطا فرمائے۔
اتوار کو شیخ رشید احمد نے کہا کہ اللہ تعالی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے سوگواران اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے

ڈاکٹر عبدالقدیر کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ فیصل مسجد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر قدیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ پاکستانی عوام کے لئے ڈاکٹر قدیر قومی ہیرو تھے، ملک کو ایٹمی ریاست بنانے پر قوم ان سے محبت کرتی ہے، انہوں نے ہمیں ایک جارح ایٹمی پڑوسی سے تحفظ فراہم کیا، ڈاکٹر قدیر کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
632 total views, no views today



