لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان آسان شکار نمیبیا کو ترنوالہ بنانے کیلیے تیار ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناقابل شکست پاکستان ٹیم نے ابھی تک گروپ ٹو میں شامل تینوں بڑے برج الٹائے ہیں،روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے اعتماد بلندیوںپر پہنچایا، اس کے بعد نیوزی لینڈ اور افغانستان کو بھی زیر کرکے دھاک بٹھائی۔ اب ٹیم کے پاس منگل کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں نمیبیا جیسے آسان شکار کو ترنوالہ بناکر سیمی فائنل تک رسائی پر مہر تصدیق ثبت کرنے کا موقع ہوگا،گرین شرٹس کو ٹاپ آرڈر میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی خدمات حاصل ہیں۔دونوں ایک عرصے سے تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں،افغانستان کیخلاف بڑی اننگز نہ کھیل پانے والے محمد رضوان اس بار بھرپور کم بیک کیلیے بے تاب ہوں گے،فخرزمان جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر ابھی تک کھل کر صلاحیتوں کے جوہر نہیں دکھاپائے،ان کیلیے بھی چھکے چھڑانے کا اچھا موقع ہوگا۔ ابھی تک جدوجہد کرنے والے محمد حفیظ کی جگہ حیدر علی کو آزمانے کا آپشن موجود ہے، تجربہ کار شعیب ملک مڈل آرڈر میں استحکام کی علامت ہوں گے،آصف علی نے گذشتہ دونوں میچز میں مختصر اننگز میں خود کو میچ ونر ثابت کیا ہے۔
888 total views, no views today



