پشاور:ضلعی انتظامیہ پشاور کی پلاسٹک پولیتھین پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی۔یونیورسٹی روڈ سے سینکڑوں کلو پولیتھین پلاسٹک بیگز برآمد۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود
صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی روڈ پربازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے پلاسٹک پولیتھین بیگز کی موجود گی پر بیشترمنیجرز / دکانداروں کو گرفتار کر تے ہوئے پلاسٹک پولیتھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف دکانوں و سٹوروں کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ون ڈالر شاپ اور کھادی سٹور کے منیجرز سمیت دیگر 08 دکانداروں / منیجروں کو گرفتار کر کے سینکڑوں کلو پلاسٹک پولی تھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔واضح رہے کہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) خالد محمود نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کی خرید و فروخت نہ کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں موقع پر موجود پلاسٹک شاپنگ بیگ کو قبضے میں لیتے ہوئے مالکان کو جیل بھی بھجوایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام انتظامی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاورکے مطابق پلاسٹک پولیتھین بیگز کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔
418 total views, no views today



