سوات: ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کی زیرِ صدارت لالکو میں پرائیویٹ سکول بس حادثے کی تحقیقات میں پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی شکیل آفریدی، اے ڈی سی جنرل حامد خان، اے ڈی سے فنانس عرفان علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی و ٹریفک مجسٹریٹ اشتیاق احمد خان، موٹر وہیکل ایگزامنر محمد اقبال، ایس پی ٹریفک زریاب گل، ڈی ایس پی ٹریفک و دیگر آفیسرز اور پرائیوٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں لالکو میں پیش آنے والے سکول بس حادثے اور اس سے وابستہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حادثے کی وجوہات جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ریاض علی خان تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔کمیٹی حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے ہر پہلو پر تحقیقات کرتے ہوئے تین دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔ پرائیویٹ سکولوں کے زیرِ اہتمام ٹرانسپورٹ سہولیات کی جانچ پڑتال کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دی گی۔ مزکورہ کمیٹی 15 روز میں پرائیویٹ سکولوں کے زیرِ استعمال گاڑیوں کی فٹنس وغیرہ کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی افسوس ناک واقہ ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول کے بچوں کی حفاظت سکول میں ہو یا روڈ پر ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سکول ٹرانسپورٹ کی بھرپور جانج پڑتال کی جائے گی، بچوں کے لئے استعمال ہونے والے ہر ایک گاڑی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں جنید خان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے والدین خوف کے ساتھ بچوں کو سکول بھیجیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول ٹرانسپورٹ سے وابستہ ڈرائیوروں کی بھی جانچ پڑتال ہوگی اور انہیں اصولوں کے عین مطابق ڈھالا جائے گا۔
452 total views, no views today



