چترال: پاک افغان سرحدی قصبے ارندو میں بزنس سنٹر کا افتتاح، یہ بزنس سنٹر غیر سرکاری ادارے ایس آر ایس پی نے جرمن ادارے کے تعاون سے قائم کیا ہے۔
چترال: ایس آر ایس پی کے سربراہ شہزادہ مسعودالملک نے ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے افسران کے ہمراہ منصوبے کا افتتاح کیا۔
چترال: بزنس سنٹر کے قیام سے پاک افغان تجارت کو فروغ حاصل ہوگا، علاقے میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
چترال: غیر سرکاری ادارے سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) نے جرمن ادارے پاٹریپ کے تعاؤن سے ضلع چترال میں پاک افغان سرحد ی قصبے ارندو میں بزنس سنٹر قائم کرلیا ہے جو کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی مقصد کے لئے استعمال ہوگا۔ ایس آرایس پی کے سربراہ شہزادہ مسعودالملک نے پاک آرمی کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل اور اسسٹنٹ کمشنر دروش کے ہمراہ اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس بزنس سنٹر سے دو طرفہ تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس وقت سیکورٹی صورتحال کی وجہ سے ارندو بارڈر بند ہے تاہم امید ظاہر کی جارہی ہے کہ بہت جلد تجارتی مقاصد کے لئے بارڈر کھولا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہزادہ مسعودالملک نے کہا کہ ارندو جیسے پسماندہ اور دورافتادہ علاقے میں انکے ادارے کے بہت کام کئے ہیں اور بزنس سنٹر بھی اس علاقے کی ترقی کیلئے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کو چلانے کی ذمہ داری مقامی کمیونٹی کی ہوگی اور آج ہم یہ سنٹر مقامی لوگوں کے حوالے کر رہے ہیں۔
مقامی عمائدین نے سنٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ارندو کے پسماندہ علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اس بزنس سنٹر میں 20دکانیں کے علاوہ رہائشی کمرے، دفاتر اور مسجد بھی بنائے گئے ہیں جبکہ سنٹر کو بجلی کی سپلائی کے لئے سولر سسٹم لگایا گیا ہے۔
ارندو کا علاقہ چترال کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور افغانستان کے دو صوبوں کنٹر اور نورستان تک رسائی کا اہم گیٹ وے ہے۔
953 total views, no views today



