سوات: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا، انجینئر امیر مقام، نے کہا ہے کہ سیاست اور حکومت کرنے نہیں بلکہ ملک بچانے آئے ہیں۔ شہباز شریف اگر حکومت نہ سنبھالتے تو آج ملک بلیک لسٹ ہو چکا ہوتا۔ مشیر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا احسان ہے کہ ملک گرے سے وائٹ لسٹ میں شامل ہو گیا۔ مہنگائی اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا پورا پورا احساس ہے مگر یہ عمران نیازی کے معاہدوں کے نتیجے میں ہو رہا ہے۔ اللہ تعالی پر بھروسہ ہے جس طرح ملک کو گرے اور بلیک لسٹ سے نکال دیا اسی طرح دوسری مشکلات پر بھی شہباز شریف کی قیادت میں قابو پا لیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا کام منصوبوں کو مکمل کرنا ہے نہ کہ بند کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اگر ن لیگ کی حکومت ختم نہ ہوتی تو چکدرہ کالام اور خوازہ خیلہ بشام ایکسپریس ویز سے علاقے میں انقلاب آنا تھا۔ مگر ان ظالموں نے یہ منصوبے ختم کرا دئیے اور بحرین سے کالام روڈ پر سیاسی انتقام کی خاطر 4 سال کام بند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اب اللہ کا احسان ہے کہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔ راحت کوٹ، سخرہ، بحرین فیڈرز کا 2018 میں اعلان کیا تھا اور 4 سال کام بند رہنے کے بعد آج کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخرہ،راحت کوٹ،اشارے، درشخیلہ،میاندم اور فتح پور یونین کونسلز کیلئے نادرا دفتر کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی علاقے اور عوام کی بغیر مینڈیٹ کے بلا تفریق خدمت کی ہے، جو زندگی کا مقصد ہے، اور آئندہ بھی کرتے رہینگے۔ ان خیالات کا اظہار مشیرِ وزیراعظم نے مدین گرڈ اسٹیشن میں مدین اور راحت کوٹ کے نئے فیڈرز کے افتتاح کے موقع پر عمائدین علاقہ اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعد ازاں لیلونئی سانحہ میں جاں بحق افرادکے گھر گئے، وہاں فاتحہ خوانی کی اور جنازے میں بھی شریک ہوئے۔ انجیبئر امیر مقام نے تنازعہ خاتمہ کیلئے پیشکش بھی کی۔
906 total views, 2 views today