پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات پر افغان زلزلہ زدگان کی امداد کے لئے خصوصی طبی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق اس مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ 20میڈیکل ٹیمز پاک افغان بارڈر روانہ کی گئی ہیں، ہر ٹیم آرتھوپیڈک سرجنز، میڈیکل افسرز، نرسز اور پیرا میڈیکس پر مشتمل ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ زلزلہ زدگان کو ضرورت کے مطابق تمام ادویات کی مکمل دستیابی فراہم کی جا رہی ہے۔ 100 جدید میڈیکل بیڈز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔اسکے علاوہ شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں تمام ڈی ایچ کیوز اور سول اسپتال کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ ہائی الرٹ پر رہیں شمالی وزیرستان میں ڈی ایچ کیو میران شاہ، ڈی ایچ کیو میر علی اور جنوبی وزیرستان میں ڈی ایچ کیو وانا، سول اسپتال شالام، سول اسپتال طوے خلہ کو زلزلہ زدگان کے لئے ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اس کے علاؤہ خلیفہ گلنواز ہسپتال بنوں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا۔خیبر پختونخواہ حکومت افغان زلزلہ زدگان کو ہر طرح کی ممکنہ سہولت فراہم کرے گی۔
526 total views, 2 views today