بھٹ شاہ / حیدرآباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام دھرنے کا کمال ہے اب کمیشن 6 ہفتوں میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرے گا جب کہ 2015 الیکشن کا سال ہوگا۔ حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں کمیشن بنا ہے اور یہ سب دھرنے کا کمال ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ دھاندلی کی تحقیقات ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 ہفتوں میں جوڈیشل کمیشن کا نتیجہ آئے گا
جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا جب کہ 2015 الیکشن کا سال ہے اور اس سال الیکشن نہ ہوئے تو اگلے الیکشن جوڈیشل کمیشن کی وجہ سے شفاف ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات تک اسمبلی غیر آئینی ہے اور جب کمیشن نے انتخابات کو شفاف قرار دیا تو خود جاکر نوازشریف کو مبارکباد دیں گے، 2013 کے الیکشن کو تمام جماعتوں نے دھاندلی کا الیکشن کہا اور آئین کےمطابق شفاف الیکشن سے ہی اسمبلی کا قیام عمل میں آسکتا ہے تو پھر بتایا جائے کہ یہ اسمبلی کس طرح آئینی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن بن گیا ہے اب سندھ کو زیادہ وقت دیں گے کیونکہ اس صوبے میں تبدیلی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
اس سے قبل بھٹ شاہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے شاہ عبداللطیف سائیں کے مزار پر فاتحہ خوانی کی ہے، اللہ ہمارے دورے میں برکت فرمائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بن گیا ہے جس کے بعد چیزیں آگے بڑھ رہی ہیں، جس کے بعد اب وہ سندھ کے عوام میں زیادہ نظر آئیں گے۔ جب تک لوگوں کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار نہیں ملے گا غریب مزید غریب تر ہوتا جائے گا۔ جو تھر میں ہورہا ہے پاکستان کا المیہ ہے اگر پیسا صحیح جگہ خرچ ہو تو 21 ویں صدی میں ایسا نہ ہو۔
326 total views, no views today


