میرپور: پاکستان کرکٹ ٹیم کا ’’نیا ٹیلنٹ‘‘ کاغذی ٹائیگرز کی دھاڑ سے ہی سہم گیا، وہ ٹیم جس نے16برس سے کسی میچ میں نہیں ہرایا تھا وہ پہلے ون ڈے میں 79 رنز سے فتح یاب ہو گئی۔ 2سال ٹیم سے باہر رہنے والے پلیئر کو کپتان بنا کر واپس لانے سمیت پی سی بی کے عجیب و غریب فیصلے بیک فائر کرگئے۔
میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔ 330 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 53 رنز کا اچھا آغاز دیا، یہ شراکت سرفراز احمد کے 24 رنز بنانے کے بعد ختم ہوئی، انھوں نے عرفات سنی کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے ناصر حسین کو کیچ تھما دیا، مجموعی اسکور میں ابھی 6 رنزکا اضافہ ہی ہوا تھا کہ محمد حفیظ 4 رنز بناکرغلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے، اظہر علی نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر بیٹنگ کو سنبھالا دیتے ہوئے اسکور28ویں اوور میں 148 تک پہنچایا تاہم 72 پر اپنی وکٹ محفوظ نہ رکھ سکے، کپتان کو میدان بدر کرنے کیلیے تسکین احمد نے وکٹ کیپر مشفیق الرحیم کی مدد لی۔
740 total views, no views today


