Vسوات، میجر جنرل نادر خان جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ آرمی ڈویژن نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور وہ بدحواس ہو کر دوسرے علاقوں کی طرف بھاگ رہے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز ان کو کسی بھی طرح سے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ انہوں نے کہا سیکورٹی فورسز ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دوسرے ادارے پوری طرح سے چوکس ہیں اور مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ وہ مالاکنڈ کونسل فار پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ کی دوسری کانفرس کے شرکاء ، جس میں مالاکنڈ ڈویژن کے اعلی فوجی افسران ، کمشنر کفایت اللہ خان ، ڈی آئی جی آزاد خان ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز اور دوسرے اداروں کے افسران موجود تھے۔ جی او سی نے کہا کہ پاک فوج ، پولیس اور قانون کے نفاذ کے لیے کام کرنے والے تمام ادارے ایک ٹیم ہیں اور ان کا مقصد ایک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ یکسوئی اور یک جہتی مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کے علاوہ خوشحالی کی ضامن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم تمام لوگوں پر فرض ہے کہ ہم علاقے کی عوام الناس کی سہولتوں اور آرام کا خیال بھی رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کا اعتماد بھی حاصل کریں تا کہ امن کے فروغ کا سلسلہ مسلسل آگے بڑھتا رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے لیے عوام کو سیکورٹی کے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہو گا۔ انہوں نے سیکورٹی فورسز اور دوسرے اداروں کے درمیان مربوط انفارمیشن شیرنگ (Sharing) پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی استعداد اور کارکردگی بہتر ہو گی۔ انہوں نے سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مالاکنڈ ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن کے پرامن انعقاد سے یہ ثابت کیا ہے کہ ان کی کارگردگی بہترین ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم نے سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے لیے NCPگاڑیوں کے چیک اینڈ کنٹرول کے میکانزم کو بھی بہتر بنایا جائیگا۔لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر عارف نے بتایا کے سول اور آرمی کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپس کے قیام کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ باہمی کاوشوں کے نتیجے میں علاقے میں ڈینگی بخارکا کوئی بھی مریض دیکھنے میں نہیں آیا۔برگیڈیئر ماجد جہانگیر نے علاقے میں عوام کے لیے کئے گئے فلاح و بہبود کے متعلق بتایا۔انہوں نے بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے علاقے کی عوام کے تعاون سے بنائے گئے آٹھ ہائیڈرل یونٹس کے بارے میں بھی بتایا۔ برگیڈیئر یوسف جمال نے شرکاء کو بتایا کہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے تما م راستے مسدود کر دیے گئے ہیں اور ان کی کسی بھی قسم کی چال کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔لیفٹیننٹ کرنل پیر زادہ علی یاسر علاقے کے انجنئیرز پراجیکٹ پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے بتایا کہ علاقے کی ثقافتی ورثے کی حفاظت کے لیے مختلف پرانے قلعوں اور عمارتوں کے تزئین و آرائش کا کام بڑی مہارت سے کیا گیا ہے۔ کمشنر مالاکنڈڈویژن کفایت اللہ خان نے بتایا کہ علاقے میں مختلف ثقافتی پروگراموں کے شیڈول کو حتمی ترتیب دی جا رہی ہے جو کہ طے شدہ تاریخوں میں منعقد کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی صورتحال کی بہتری ، بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہائیڈرل یونٹس کے قیام کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔NGOs کے نمائندگان نے بھی اپنے مسائل اور وسائل کے سلسلے میں شرکاء کو آگا ہی دی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ز نے اپنے اپنے علاقے میں امن کی صورتحال اور اس میں بہتری لانے کے متعلق شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ڈی آئی جی آزاد خان نے سال ہذا میں ہوئی وارداتوں اور پولیس کی مجرموں تک رسائی کے حوالے سے شرکاء کا آگا ہ کیا۔
496 total views, no views today


