بریکوٹ، چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان نے جمعرات کے روز سیدو ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا ۔وہ میڈیکل وارڈ اے اور بی میں گئے اور مریضوں کی مزاج پرسی کی انھوں نے مریضوں کو دی جانے والی ادویات اور علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی پوچھ گچھ کی ۔اکثر مریضوں نے طبی عملہ کے رویہ اور ادویات کی فراہمی پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ کچھ مریضوں نے عملے کے عدم تعاون کی شکایت کی ۔اس موقع پر ڈاکٹروں اور طبی عملہ سے خطاب کرتے ہوئے
چئیرمین ڈیڈیک نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک اہم عبادت ہے اور طبی عملہ کو اللہ تعالیٰ نے یہ شاندار موقع دیا ہے کہ وہ حصول رزق حلال کے ساتھ ساتھ براہ راست دکھی انسانیت کی خدمت کا شرف بھی حاصل کرتے ہیں انھوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ دونوں ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔انھوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ایک محدود آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے قائم کئے گئے ہسپتالوں پر اب بڑھتی ہوئی آبادی اور ڈویژن بھر کے مریضوں کا رش ہے تاہم اگر طبی عملہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو تو وہ اس چیلنج سے آسانی سے عہدہ برآ ہو سکتا ہے۔بجلی کے مسلے کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نئی عمارت کے آغاز اور ایکسپریس فیڈر کی تعمیر کے بعد صورتحال میں واضح بہتری آجائے گی ۔انھوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں میں کیاریوں اور لانوں کی بحالی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہسپتالوں کا ماحول صحت کے مسلمہ اصولوں کے مطابق ڈھالا جا سکے ۔انھوں نے اعلان کیا کہ وہ عوام کی بہتری کے لیے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری سہولیات کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ عوام کے لیے مخصوص سہولیات سے بھر پور استفادہ یقینی بنایا جا سکے ۔
355 total views, no views today


