مینگورہ،صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سیاحت کو فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ، اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں تحریک انصاف سماجی نا انصافیوں کے خاتمے کیلئے برسرپیکار ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے ملم جبہ میں سنو فیسٹول کے پانچ روزہ رنگارنگ تقریبات کے افتتاح کے موقع پر کیا اس موقع پر اپریشنل کمانڈر میجر جنرل جاوید بخاری ،
اعلیٰ فوجی وسول حکام ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن افسر خان ، ڈی آئی جی عبداللہ خان ، مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی منور خان اور دیگر بھی موجود تھے ، وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس عزم کااعادہ کیا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کے دوران عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو عملی جامہ پہنایاجارہا ہے ، انہوں نے کہاکہ تبدیلی اور انصاف کے حوالے سے ہم نے نعرے نہیں بلکہ سچا ثابت کرنے کا عوام سے وعدہ کیا تھا اور آج وہ ثابت کررہے ہیں ہم نے سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ادارے عوامی خدمت کیلئے بنے ہیں ، اور سرکاری آفیسرز خود کو عوامی خدمت کیلئے وقف کریں ، انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں سپورٹس وٹورزم کی بحالی ہمارا ایجنڈا ہے سوات سمیت چترال ، ہزارہ ، گلیات میں دوبارہ سیاحت کی بحالی کیلئے کام کررہے ہیں اور ملم جبہ سکی ریزارٹ کی ترقی کیلئے دو مہینے کے اندر اندر پرائیوٹائز کرکے بحال کریں گے ، جہاں پارک اور کھیل کے میدان بنائیں گے انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے اس خوبصورت وادی میں سیاحت کو تباہ کیاگیا ، جبکہ پاک فوج نے نہ صرف سوات کی تعمیر وترقی اور امن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ سیاحت کی بحالی بھی پاک فوج کا طرۂ امتیاز ہے ، جس پر ہم پاک فوج کے مشکور ہیں انہوں نے کہاکہ تعلیم صحت اور ٹورزم میں تبدیلی لائی جارہی ہے اور ایک ایسا نظام متعارف کرایاجارہا ہے جس میں ہر کسی کاکام گھر بیٹھے ہوسکے گا ، انہوں نے کہاکہ نوجوان جوکہ تحریک انصاف کا سرمایہ ہے ہم نے ان کے صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے حکمت عملی وضع کردی ہے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سوات پریس کلب ، سوات یونین آف جرنلسٹس اور ایگزیکٹیو کونسل سے ان کے عہدوں کا حلف بھی لیا۔
464 total views, no views today


