مینگورہ،مون سٹار ولنٹئیرآرگنائزیشن کے صدرحضرت عثمان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ قوم کے بچوں کو تعلیم سمیت تمام تر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومت وقت کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے مگرمقام افسوس ہے کہ کسی بھی حکومت نے اس اہم ذمہ داری کو پورا نہیں کیاتاہم اگر حکومتوں نے اس سلسلے میں مزید غفلت کا مظاہرہ کیا تو ہم اپنی آرگنائزیشن کی طرف سے مرکزی وصوبائی حکومت سمیت محکمہ تعلیم کیخلاف عدالت میں کیس دائر کریں گے،سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ بات روزروشن کی طرح عیاں ہے کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی بلکہ تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں مگر دوسری طرف اگر دیکھاجائے تو یہاں پر سکولوں میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے دریاں تک موجود نہیں ،سٹاف اوردیگر تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اسی طرح بچوں کیلئے یونیفارم وغیرہ بھی موجود نہیں ،انہوں نے کہاکہ ہم نے کئی سکولوں کے دورے کئے جہاں پر تعلیمی صورتحال انتہائی خراب اورابتر ہے ،کئی مقامات پر سکولوں کیلئے زمینیں دی گئی ہیں مگر وہاں پر کام شروع کرانے کیلئے حکومت کی جانب سے ابھی تک فنڈجاری نہیں ہوا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہرحکومت تعلیم کو فروغ دینے کے دعوے تو بہت کرتی ہے مگر کسی بھی حکومت نے اپنے ان دعوؤں کو عملی جامہ نہیں پہنایا الیکشن کے دوران دیگر وعدوں کیساتھ ساتھ تعلیم کو عام کرنے کے دعوے سامنے آرہے ہیں مگر الیکشن کے بعد دیگر وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی بھلادیا جاتا ہے ،انہوں نے کہاکہ تعلیم ہربچے کا بنیادی حق ہے اوربچوں کو یہ حق دلانا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر ہماری حکومتوں نے ہمیشہ بچوں کو اس جائز اوربنیادی حق سے محروم رکھا،انہوں نے کہاکہ تعلیم کے فروغ میں مزید غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا تو ہم اپنی آرگنائزیشن کی طرف سے مرکزی اورصوبائی حکومت سمیت محکمہ تعلیم کیخلاف رٹ پٹیشن دائر کریں گے۔
644 total views, no views today


