لاہور: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہا۔ حلقے میں بعض مقامات پر پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے واقعات رونما ہوئے تاہم مجموعی طور پر صورت حال کنٹرول میں رہی۔
این اے 122 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 47 ہزار 762 ہے جس میں سے مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار 328 ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے شیخ سردار ہائی اسکول گڑھی شاہو میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ حلقے میں 284 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے جس میں سے 80 کو حساس قرار دیا گیا گیا۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر فوجی اہلکار تعینات کئے گئے جب کہ 5 ہزار پولیس اہلکاروں نے بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانکام دیئے۔ الیکشن ڈیوٹی کے لئے پولیس نے 38 مقامات پر ناکہ بندی کی گئی۔ لاہور ہی میں پی پی 147 میں بھی ضمنی انتخابا کے لئے پولنگ ہوئی جس کے لئے (ن) لیگ کے محسن لطیف اور تحریک انصاف کے شعیب صدیقی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے اور مرکزی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جس کی نگرانی صوبائی چیف الیکشن کمشنر نے کی جب کہ اسلام آباد میں قائم کئے گئے کنٹرول روم کی نگرانی چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کی۔
ضمنی انتخاب کے دوران لاہور کے علاقے بستی سیداں شاہ اپر مال روڈ پر پولیس کی موجودگی میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے کارکن آپس میں گھتم گھتا بھی ہوئے، ایک دوسرے پر لاتوں اور مکوں کی برسات کی گئی، کرسیاں چلائی گئیں اور مخالفین کے بینرز اکھاڑ دیئے گئے۔ تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے (ن) لیگ کا پولنگ کیمپ اکھاڑ کر پھینک دیا تاہم فوجی جوانوں کی آمد کے بعد حالات پر قابو میں آ گئے اور دونوں جماعتوں کے کارکن اپنے اپنے کیمپوں میں چلے گئے۔ پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم پولنگ بوتھ نمبر 89، 90، 91، 92 اور 95 پر ہوا تاہم اس سارے عمل کے باوجود پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔
اس کے علاوہ گڑھی شاہو میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے امیدواروں کی گاڑیاں آمنے سامنے آنے پر دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ سمن آباد کے علاقے میں بھی دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی دیکھنے میں آئی۔
این اے 122 لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق اور تحریک انصاف کے علیم خان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے عامر حسین بھی اس حلقے سے میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ این اے 144 اوکاڑہ میں بھی ضمنی انتخابات کے لئے بھی ووٹنگ ہوئی، اوکاڑہ میں میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما علی عارف چوہدری اور آزاد امیدوار چوہدری ریاض کے درمیان مقابلہ ہوگا جب کہ اس حلقے سے اشرف سوہنا تحریک انصاف کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
592 total views, no views today


