اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے اصغر خان کیس میں بیان ریکارڈ کرادیا جس میں انہوں نے پیسے لینے کے الزام کو یکسر مسترد کردیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے اصغر خان کیس میں ایف آئی اے کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا جس کے مطابق انہوں نے اس کیس میں آئی ایس آئی سے کسی بھی قسم کی لین دین کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے، اس قسم کی لین دین سے کوئی تعلق نہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے اپنے بیان میں یونس حبیب سے ملاقات کی بھی تصدیق نہیں کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ یونس حبیب سے کبھی نہیں ملے اور نہ ہی انہیں ان سے کسی قسم کی کوئی ملاقات یاد ہے۔ ذرائع کےمطابق وزیراعظم نے ایف آئی اے کو یقین دہانی کرائی کہ کیس میں کسی بھی قسم کی تحقیقات میں وہ قانون کی حکمرانی کے لیے ایف آئی اے سے رابطے میں رہیں گے اور اس حوالے سے ان کی کوئی مدد درکار ہو تو وہ اس کے ہر وقت تیار ہیں۔
ذرائع کے مطابق کیس میں یونس حبیب کا بیان ریکارڈ کیا جاچکا ہے اور اب ایف آئی اے سابق وزیر عابدہ حسین کے بیان کے لیے بھی ان سے رابطے میں ہے جب کہ جنرل (ر) اسلم بیگ کا بیان تاحال ریکارڈ نہیں ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مرزا اسلم بیگ نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پہلے ایف آئی اے سے تحریری سوالنامہ مانگا تھا۔
507 total views, no views today


