مینگورہ ، سوات کے درجہ چہارم ملازمین نے حکومت سے سوات سمیت شانگلہ ہ،دیر،چترال اورزلزلہ سے متاثرہ ہونے والے دیگرمقامات کو آفت زدہ قراردینے اورزرعی سمیت دیگر تمام تر قرضوں کو معا ف کرنے کا مطالبہ کردیا،اس حوالے آل درجہ چہارم ملازمین کے صدر سید خطاب نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ زلزلہ نے ضلع سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کو نقصان پہنچایا ہے جس سے ہر طبقہ کے لوگ متاثر ہوئے ہیں اورنہ صرف سرکاری ملازمین بلکہ ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو کافی نقصان پہنچاہے اگر چہ حکومت کی طرف سے متاثرین کی بروقت امداداور ہنگامی بنیادو ں پر متاثرین کی بحالی کا عمل شروع ہوچکا ہے ، سول اور فوجی اداروں نے دن رات محنت کرکے متاثرین کو مشکل وقت میں سہار ا دیا ، وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا حکومت نے بحالی کا عمل شروع کردیا ہے جس پر حکومت اورتما م اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورامدادفراہم کرکے متاثرین کی دادرسی کی جس پر پوری قوم ان کی مشکورہے،انہوں نے کہاکہ اگر متاثرہ ملاکنڈ ڈویژن باالخصوص ضلع شانگلہ ، ضلع دیر و ضلع چترال کو آفت زدہ قرار دے کر زرعی اور بنکوں کے دیگر قرضہ جات معاف کئے جائیں تو اس سے متاثرین کی مزید مد دملے گی اوران کے نقصانات کا مداوا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ ہم میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر زلزلہ متاثرین کی آواز حکمرانوں تک پہنچانے کیلئے قلم کااستعمال کرے تاکہ ملاکنڈ ڈویژن کے زیادہ متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور تاجر ، کاشتکاروں ، مزدوراور وہ طبقے جو متاثر ہوئے ہیں کو زرعی قرضے اور بینکوں کے دیگر قرضے معاف کئے جائے اورساتھ ساتھ متاثرہ اضلاع کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے ،انہوں نے کہاکہ اگر چہ سینٹ اور قومی اسمبلی میں اس طرح کی کئی قراردادیں منظور ہوچکی ہیں جس میں زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ آل درجہ چہارم ملازمین ایسوسی ایشن ضلع سوات کے صدر کی حیثیت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیاسی اور عوامی نمائندوں کے مطالبات اور ملک کے اعلیٰ ایوانوں میں سفارش کی گئی مطالبات کی روشنی میں فوری طور پر ملاکنڈ ڈویژن کے زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور نقصانات کا باریک بینی سے سروے کیا جائے اور تمام متاثرین کو فوری امداداور نقصانات کا معاؤضہ دیا جائے ، انہوں امید ظاہرکی کہ صوبائی حکومت مرکزی حکومت کے ساتھ اس معاملے کو اولین ترجیح کے تحت فوری طور پر ان اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے میں اپنا کردار ادا کرے گی،اس موقع پر محمدحیات،عبدالرؤف،اکرام اللہ،صابر خان،شاکراللہ،عطاء اللہ،وطن سرداراوردیگر عہدیداربھی موجود تھے۔
466 total views, no views today


