فلک بوس پہاڑوں اور برف پوش چوٹیوں میں گھری ہوئی وادئ سوات کا موسم سال کے بیش تر مہینوں میں نہایت معتدل اور خوش گوار رہتا ہے۔ زیریں سوات میں گرمیوں میں نہ ہی شدید گرمی پڑتی ہے اور نہ ہی سردیوں میں شدید سردی۔ تاہم جولائی اور اگست کے مہینوں میں گرمی کی حدت زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ اس طرح جنوری اور فروری کے مہینوں میں شدید برف باری کی وجہ سے یخ بستہ ہوائیں سردی کی شدت کا احساس دلاتی ہیں۔ یہاں موسم گرما میں مئی سے ستمبر تک زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37.77 اور اکتوبر سے مارچ تک 26.66 سنٹی گریڈ رہتاہے۔ سردی کے موسم میں کم سے کم درجۂ حرارت صفر سے منفی آٹھ سنٹی گریڈ تک ہوتاہے۔ موسم بہار یعنی مارچ اور اپریل میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت چوبیس اور کم سے کم بائیس ڈگری سنٹی گریڈ تک رہتا ہے۔
وادئ سوات میں زیادہ تر بارشیں فروری، مارچ ، اپریل اور اگست میں ہوتی ہیں، جس کی سالانہ اوسط بتیس سے چھتیس انچ بنتی ہے۔ جب کہ برف باری زیادہ تر ملم جبہ، ایلم، شانگلہ، مدین، بشی گرام، بحرین، کالام، اتروڑ، گبرال، اُوشو، مٹلتان اور مہوڈنڈ (اَپر سوات) میں ہوتی ہے، جو ایک فٹ سے بارہ فٹ تک ہوتی ہے، جب کہ بلند و بالا چوٹیوں پر اس سے بھی زیادہ برف پڑتی ہے۔
ویسے توسوات میں سال کے بارہ مہینے سیروسیاحت کے لیے موزوں ہیں، تاہم مارچ سے اکتوبر تک اس کی سیر وسیاحت سے کما حقہ لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔
جنوری اور فروری کے مہینوں میں سوات کوہستان کے علاقوں میں شدید برف باری ہوتی ہے۔ اس لیے برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہ موزوں ترین مہینے ہیں۔
مارچ اور اپریل کے مہینوں میں آمد بہار کی وجہ سے پورے سوات میں سبزہ ہی سبزہ نظر آتا ہے، درختوں کونئی زندگی ملتی ہے اور پھل پھولوں کی رنگینی اور خوش بُو ہرطرف پھیلی ہوئی نظر آتی ہے۔ پہاڑوں پر برف پگھلنے کی وجہ سے آب شاراور ندی نالے پورے جوبن میں ہوتے ہیں۔مئی اور جون میں بارشیں زیادہ نہیں ہوتیں۔ اس لیے کیمپنگ اور ٹریکنگ کے لیے یہ موزوں ترین مہینے ہیں۔ سوات کی قدرتی جھیلوں تک پہنچنے کے لیے یہ مہینے نہایت مناسب ہیں۔
جولائی اور اگست کے مہینوں میں سوات کے بعض پہاڑی علاقے بالخصوص بحرین، کالام اور گبرال وغیرہ مون سون کی ہواؤں کی زد سے بچے رہتے ہیں۔ اس لیے یہاں کا موسم خوش گوار اثرات مرتب کرتاہے۔
ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں پھلوں اور پھولوں کی افراط ہوتی ہے۔ اس موسم میں خنکی کا احساس ہوتاہے، جو دل و دماغ کو لطف وسرشاری سے ہم کنار کرتا ہے۔
نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں موسم قدرے سرد اور خشک ہوتاہے۔ خزاں اور پت جھڑ سے پورا ماحول زرد سا محسوس ہوتا ہے۔ ان مہینوں میں دریائے سوات کا پانی نہایت شفاف اور نیلگوں نظر آتا ہے، تاہم اس موسم کا بھی ایک عجیب سا لطف اور انجانا سا مزہ ہوتاہے۔
3,146 total views, no views today


